صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں 6 سالہ بچی کو مبینہ اغوا اور جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جبکہ قصور میں 16 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد ملزمان طبیعت خراب ہونے پر اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی شناخت نازیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق درج کیے گئے مقدمے میں اغوا، قتل اور جنسی زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کی ظہیرآبادکالونی میں 16 برس کی لڑکی کومبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔متاثرہ لڑکی کی جانب سے ندیم نامی با اثر نوجوان پر مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق طبیعت خراب ہونے پرملزمان لڑکی کواسپتال چھوڑکرفرار ہو گئے، سامنے آنے والی ویڈیومیں 3 ملزمان کو لڑکی کو نجی اسپتال چھوڑکرفرارہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کا کہناہے کہ اسپتال انتظامیہ نے لڑکی کی والدہ کوکال کرکے بلایا، متاثرہ لڑکی کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی