صوبائی دارلحکومت پشاور میں مون سون شجر کاری مہم کیلئے تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئیں ہیں اور ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی محکمہ جنگلات، پی ڈی اے، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر محکمے اس مہم میں شریک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان نے ورسک روڈ پر پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق شجر کاری مہم کے دوران پشاور بھر میں پودے بوئیں جائیں گے اور اس حوالے سے 14 اگست کو میگا ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس میں طلباء وطالبات، علماء کرام، ڈاکٹر حضرات، وکلائ، اساتذہ کرام، عوامی نمائندگان، سرکاری ملازمین سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہوئے پودے لگائیں گے۔ مون سون شجرکاری مہم کے دوران سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، ہسپتال، بی ایچ یوز سمیت سڑکوں کے کناروں اور دیگر مقامات پر پودے بوئیں جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے علاقوں میں ان پودوں کی حفاظت کریں تاکہ پشاور کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور یہ عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہو سکے گا۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی