وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کی ہدایت کے مطابق جاری شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل مین شاہد میموریل نے گرین ب ماڑی پور کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے صفر کے مقابلے میں3 گول کی شکست کا داغ لگائے ہوئے فاتح ترافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی اور ساتھ ہی ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی حاصل کیا جبکہ رنر ٹیم کو 50ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم کے سبزہ زار پو ہونے والا یہ فائنل وقفہ تک دو گول کی برتری کے ساتھ شاہد میموریل کے حق میں تھا کھیل کے13ویں منٹ میں محمد جان نے پنالٹی ککس پر جبکہ44ویں منٹ میں محمد نسیم نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی سینیٹر یوسف بلوچ کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ان کے ہمراہ لیاری کی معروف اور ہر دلعزیز شخصیت محسن فٹبال ناصر کریم بھائی جان اور سابق سیکریٹری ایس ایف اے رحیم بخش بھی موجود تھے۔ وقفہ کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو فاتح ٹیم نے گرائونڈ کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا گرین بلوچ ماڑی کے کھلاڑیوں نے دو خوبصورت موومنٹ بنائے لیکن کمزور فٹنگ کے سبب گول کرنے میں ناکام رہے اس دوران فاتح ٹیم کے طارق علی کو68ویں منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ملا انہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر کسی غلطی کے گیند کو جال کے حوالے کرکے اپنی ٹیم کی برترین0-3 کر دی۔ فاتح ٹیم کے گول کیپر علی ٹورنامنٹ کا بہترین گول کیپر جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے منور علی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اور پانچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ حاصل کیا۔ نیشنل ریفری عدنان خان نے حبیب اللہ اور طاہر قاری کی معاونت سے میچ سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض نواب آفریدی نے انجام دیئے۔