سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرفاروق ایچ نائیک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے چیئرمین بن گئے ۔بدھ کوچیئرمین کمیٹی کے انتخاب کیلئے ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کااجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹرفاروق ایچ نائیک کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا اور سینیٹرز فیصل جاوید، ڈاکٹرزرقہ سہروری تیمور، ولید اقبال، ثمینہ ممتاز، مولانا عبدالغفور حیدری، مصطفی نواز کھوکھر نے متفقہ طور پر تائید کی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے اراکین کمیٹی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر خارجہ امور کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی وزارت خارجہ امور سے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم و بربریت اور بھارت میں اقلیتوں کے خلاف اور خاص طور پر مسلمانوں کیلئے مودی حکومت نے جو مسائل ومشکلات پیدا کی ہیں ان کے سدباب کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے عملی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی جائے گی۔اراکین کمیٹی نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو قائمہ کمیٹی کا متفقہ طور پر چیئرمین کمیٹی منتخب ہونے پرمبارکباد دیتے ہوئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرزمشاہد حسین سید،فیصل جاوید، ڈاکٹرزرقہ سہروری تیمور، ولید اقبال، ثمینہ ممتاز، مولانا عبدالغفور حیدری، مصطفی نواز کھوکھر کے علاوہ سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان، ایڈیشنل سیکرٹری حفیظ اللہ شیخ، جوائنٹ سیکرٹریٹ ربعیہ انور اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی