i معیشت

دنیا میں پاکستان ترشاوہ پھلوں کی پیداوار کے اعتبار سے تیرھواں بڑا ملک قرارتازترین

February 14, 2023

دنیا میں پاکستان ترشاوہ پھلوں کی پیداوار کے اعتبار سے تیرھواں بڑا ملک ہے اور سٹرس کی95فیصد پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہو رہی ہے۔پاکستان سٹرس کی برآمد سے سالانہ قریباً180ملین ڈالر کا زرمبادلہ کما رہا ہے۔ ترشاوہ پھل اپنی غذائی اہمیت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں قیمتی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں۔صوبہ پنجاب میں ترشاوہ پھل 4لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر لگائے گئے ہیںجس سے سالانہ قریباً21 لاکھ ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے تفصیلات کے مطابق اس سلسلہ میں زرعی فیچر سروس، نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیڈ لیس مالٹے، گریپ فروٹ اور کنو کی اقسام کے متعارف ہوجا نے کے بعدترشاوہ پھلوں نے اہمیت کے لحاظ سے ایک نئی جدت اختیار کر لی ہے۔ترشاوہ پھلوں کابیشتر نقصان برداشت اور درجہ بندی جیسے اہم امورسے باغبانوںکی نا آشنائی کی وجہ سے ہورہا ہے کیونکہ اکثر باغات ٹھیکیدارکو دے دیے جاتے ہیں اور ٹھیکیدار یا تو پھل بہت پہلے توڑ لیتا ہے یا اس کو بہت دیر تک درخت کے اوپر رکھتا ہے۔

اس وجہ سے پھل کی فعلیاتی پختگی اور تجارتی پختگی دونوں متاثر ہوتی ہیں۔ پھل جسامت میں کم رہتا ہے۔رنگت میں سبز اور بیرونی دلکشی و جاذ بیت سے محروم ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں مناسب قیمت حاصل نہیں کر سکتا اور اس قسم کا پھل برآمدی حجم میں کمی کا باعث بنتا ہے جبکہ دیر کے ساتھ ٹوٹے ہوئے پھل میں جوس کی مقدار بھی کم ہو جاتی ہے۔ ذائقے میںناخوشگوار تغیر آجاتا ہے، پھانکیں خشک ہو جاتی ہیں اور پھل کھٹاس و مٹھاس کے مناسب امتزاج سے محروم رہتا ہے۔باغبان برداشت کرتے وقت پھل کو ڈنڈی سے توڑتے ہیں یا پھر پھل کو ہاتھ سے کھنچ کر درانتی یاقینچی سے ڈنڈی اور پتوں سمیت توڑ لیا جاتا ہے یا ٹہنیاں ہلا کر پھل کو زمین پر گرا یاجاتا ہے اس طرح سے ایک تو پھل زخمی ہوجاتا ہے اور دوسرایہ کہ درخت سے پتوں کا بہت زیادہ نقصان ہو جاتا ہے، اس سے بچنے کیلئے پھل کو خشک موسم میں قینچی کی مدد سے احتیاط کے ساتھ ڈنڈی کے بالکل قریب سے کاٹنا چاہیے تاکہ دوسرے پھل ڈنڈی کی وجہ سے زخمی نہ ہوں۔ اگر برداشت کے وقت مناسب سفارشات پر عمل نہ کیا جائے تو منزل مقصود تک پہنچتے پہنچتے کم از کم 30فیصد تک پھلوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی