ہرارے(شِنہوا)زمبابوے کے پابندیوں کے مخالف گروپ، دی براڈ الائنس اگینسٹ سینکشنز(باس) نے پیر کو دارالحکومت ہرارے کی ہائی کورٹ میں ایک عدالتی درخواست دائر کی جس میں دو دہائیوں سے زائد عرصہ قبل زمبابوے پر پابندیاں عائد کرنے کے عوض امریکہ سےمعاوضہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
باس کی شریک بانی اور ترجمان سیلی نگونی نے درخواست دائر کرنے کے بعد پریس کو بتایا کہ ہم ان نقصانات کی تلافی کے لیے بھی درخواست دائر کر رہے ہیں جو ملک کو گزشتہ 23 سالوں میں غیر قانونی پابندیوں کے باعث ہوا ہے۔
تاہم انہوں نے اس معاوضے کی رقم کا ذکر نہیں کیا کیونکہ ابھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رقم کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور ہم ابھی بھی وزارت خزانہ کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں اور ایک بار جب ہمیں جواب مل جائے گا تو ہم اسے اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کریں گے۔
باس تنظیم جو پابندیوں کے خلاف مارچ 2019 سے ہرارے میں امریکی سفارت خانے کے احاطے کے مرکزی دروازے پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہے، سفارت خانے سے بھی جواب طلب کر رہی ہے کہ پابندیاں کیوں برقرار ہیں۔
نگونی نے کہا ہم نے انہیں کئی بار لکھا ہے اور ہم نے امریکی سفیر سے بھی ملاقات کی ہے اور ہم پابندیوں کے معاملے پر ان سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہوں نے ہمیں تحریری شکل میں کوئی جواب نہیں دیا۔ لہذا ہم ان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ ہمیں تحریری شکل میں جواب دیں کہ انہوں نے ان پابندیوں کو کیوں نہیں ہٹایا جنہیں اقوام متحدہ کی رپورٹ میں غیر قانونی اور غیر منصفانہ قرار دیا گیا تھا۔