ویانا(شِنہوا)بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر زاپروژیا جوہری توانائی پلانٹ پر گولہ باری کے باوجود پلانٹ میں فوری طور پر جوہری تحفظ یا سلامتی سے متعلق کوئی خدشات لاحق نہیں ہیں۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زاپروژیا پلانٹ کے ماہرین نے دن کے اوائل میں سائٹ پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ پلانٹ کی کلیدی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
آئی اے ای اے کے بیان میں ماہرین کی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 6 ریکٹر یونٹس کی حالت مستحکم ہے اور خرچ شدہ ایندھن، تازہ ایندھن اور ان کے متعلقہ اسٹوریج کی سہولیات میں کم، درمیانے اور اعلی درجے کے تابکار فضلے کی محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
تاہم آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ اس کے ماہرین ہفتے کی شام اور اتوار کی صبح ہونیوالی گولہ باری کی وجہ سے جائے وقوعہ پر ہونیوالے بڑے پیمانے پر نقصانات کا بدستور مشاہدہ کر رہے ہیں ، ایجنسی نے اس واقعہ کو حالیہ مہینوں میں اس سہولت میں اس طرح کے سب سے سنگین واقعات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
بیان کے مطابق ماہرین کے مشاہدات میں پلانٹ کے کنڈینسیٹ اسٹوریج ٹینک کو پہنچنے والے نقصان اور پلانٹ کے ری ایکٹرز کے ساتھ مرکزی سڑک پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔
ایجنسی نے کہا کہ نقصان کی مرمت کا کام جاری ہے ، مزید بتایا کہ گزشتہ روز پلانٹ پر مزید کوئی حملہ نہیں ہوا ہے۔