انقرہ(شِنہوا)ترکیہ نے اسرائیل-فلسطین تنازعہ کو امن کے ایک موقع میں تبدیل کرنے کی کوشش کے تحت جاری تنازعہ کے خاتمے کے لیے ایک ضامن کا فارمولہ پیش کیا ہے۔
ترک سرکاری ٹی آر ٹی کے نشریاتی ادارے نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے حوالے سے منگل کو بتایا کہ تنازعہ میں فریقین کے لیے مستقل امن کے ضامن ہونے چاہئیں جبکہ یہ تجویز مذاکرات کی کوششیں کرنے والوں کو پہنچا دی گئی ہے۔
فیدان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو ایسا رویہ اختیار کرنا چاہیے جو اسرائیل کو دو ریاستی حل کو قبول کرنے پر مجبور کرے جبکہ ترکیہ نے اس مسئلے پر اپنا موقف متعلقہ فریقوں کو پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ضامنوں کے بارے میں مرکزی خیال پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے طریقہ کار پر الگ سے بات کی جانی چاہیے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اسرائیل اور فلسطین اگر ایک معاہدے پر پہنچ جاتے ہیں تو ترکیہ سمیت متعدد ممالک کو اس معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری کے ساتھ ضامن کا کردار نبھانا ہو گا۔