تہران (شِنہوا) ایران کے دارالحکومت تہران میں آذربائیجان کے سفارت خانے پر مسلح حملے میں سفارت خانے میں کام کرنے والا ایک رکن ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
تہران کے پولیس سربراہ حسین رحیمی نے بتایا کہ حملہ آور نے سفارتخانے کے ملازم کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8بجکر25 منٹ (9بجکر 55منٹ پاکستانی وقت) پر سفارت خانے کے داخلی دروازے کے سامنے اپنی گاڑی پارک کر رہا تھا۔
اس کے بعد حملہ آور کلاشنکوف رائفل لیے سفارت خانے میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی، جس سے سفاتخانے کا ملازم ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس چیف نے کہا کہ حملہ آور کو پولیس فورسز نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا جس نے خاندانی اور ذاتی مسائل کو حملے کے محرکات قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور اپنے دو چھوٹے بچوں کے ساتھ سفارت خانے میں داخل ہوا تھا۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے قتل ہونے والے شخص کی شناخت ایک گارڈ کے طور پر کی ہے جو سفارت خانے میں سیکورٹی کے سربراہ کے طور پر کام کر رہا تھا۔