ہیوسٹن(شِنہوا) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہیوسٹن میں روایتی اورنئی توانائی کے شعبوں میں چین امریکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فورم کا انعقادکیا گیا،جس میں درجنوں چینی اور امریکی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
10ویں چین-امریکہ انرجی انٹرپرائز کوآپریشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی کانگریس کے رکن آل گرین نے توانائی شعبے سے تعلق رکھنے والے چین کے کاروباری افراد کے ٹیکساس اور امریکہ کے دورہ کا خیرمقدم کیا۔
گرین نے چینی وفد سے مخاطب ہوتےہوئے کہاکہ آپ یہاں ایک طویل فاصلہ طے کرکے آئے ہیں،توانائی کے شعبے کے حوالے سے بات چیت کے علاوہ آپ کے یہاں آنے کی ایک اور وجہ بہت اہم ہے ،جو یہ ہے کہ عوام کے عوام کے ساتھ رابطے ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات کی تشکیل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فورم فاصلوں کو ختم اور رابطے استوار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کے بہتر مواقع مل سکیں۔
چائنہ پیٹرولیم اینڈ پیٹروکیمیکل ایکوئپمنٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ژانگ گوان جون نے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ فورم نہ صرف توانائی کی صنعتوں کو درپیش چیلنجز اورمواقع پر بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ دونوں ممالک کی توانائی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔