کابل(شِنہوا)افغانستان کی مہاجرین اور وطن واپسی کے امورکی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تقریباً2 ہزار 400 افغان مہاجرین ایران سے اپنے وطن واپس آچکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کُل 2 ہزار 348 افغان مہاجرین ایران میں کئی سالوں تک پناہ گزین کے طور پر رہنے کے بعد اتوار کو اپنے وطن افغانستان واپس آئے اور مہاجرین کی ان کے ملک واپسی کا عمل جاری ہے۔
چند ہفتے قبل سرکاری خبر رساں ایجنسی بختار نے گزشتہ دو مہینوں میں ایران سے 54 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کی واپسی کی اطلاع دی تھی۔
مبینہ طور پر 25 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین ایران میں رہ رہے ہیں اور اتنی ہی تعداد پاکستان میں بھی رہائش پذیر ہے۔
افغان نگران حکومت نے بیرون ملک مقیم افغان مہاجرین پر زور دے رکھا ہے کہ وہ وطن واپس آئیں اور اپنے جنگ زدہ ملک کی تعمیر نو میں اپنا حصہ ڈالیں۔