بنکاک(شِنہوا)خلیج تھائی لینڈ میں بحریہ کا ایک جہاز ڈوبنے کے بعد تھائی جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹر 31 لاپتہ ملاحوں کو بچانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
رائل تھائی نیوی (آر ٹی این) نے پیر کے روز ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا کہ طوفان کے باعث ڈوبنے والے توپ بردار بحری جہاز ایچ ٹی ایم ایس سخوتھائی پر عملہ کے کل 106 اراکین سوار تھے۔ پیر کی دوپہر تک ان میں سے 75 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
آر ٹی این کے ترجمان ایڈمرل پوکرونگ مونتھاپالن نے بتایا کہ ایچ ٹی ایم ایس سخوتھائی پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12 بجکر 12 منٹ قبل از سحر (اتوار کی رات 10 بجکر 12 منٹ پاکستانی وقت) پر بجلی منقطع ہونے اور اس کے نتیجے میں بحری جہاز میں پانی بھرنے کے باعث ڈوب گیا ہے۔
جنگی بحری جہاز صوبہ پراچوپ خیری خان کے ضلع بنگ ساپھان کی بندرگاہ سے 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر گشت کر رہا تھا جب تیز لہروں کی وجہ سے پانی بجلی کی فراہمی کے نظام میں داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی بند اور جہاز قابو سے باہر ہو گیا۔
بیان کے مطابق رائل تھائی نیوی نے ریسکیو آلات کے ساتھ 3 فریگیٹس اور 2 ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر روانہ کیے ہیں، لیکن تیز ہواؤں اور بلند لہروں کی وجہ سے امدادی کوششوں کو روکنا پڑا ہے۔