بنکاک (شِنہوا) تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شناوترا کو 18 فروری کو رہا کر دیا جائے گا۔
وزارت انصاف کے مطابق 74 سالہ سابق وزیراعظم ان 930 قیدیوں میں شامل ہیں جنہیں رواں ماہ پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ان کی عمر 70 برس سے زائد ہے اور سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں جس کے سبب وہ پیرول پر رہائی کے حقدار ہیں۔
تھاکسن 15 برس سےزائد کی جلاوطنی ختم کرکے اگست 2023 میں تھائی لینڈ لوٹے تھے جہاں انہیں حراست میں لیکر متعدد الزامات پر 8 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
تاہم جلد ہی انہیں خرابی صحت کی بنا پر بنکاک جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ ابھی تک زیرعلاج ہیں۔
گزشتہ برس ستمبر میں تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے ان کی درخواست پر شاہی معافی کے تحت قید کی سزا کم کرکے ایک سال کردی تھی۔
تھاکسن 2001 سے 2006 تک جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے وزیر اعظم رہے اور 2008 سے بیرون ملک خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزا رہے تھے۔