بنکاک (شِنہوا) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں یاؤ وارات روڈ یا چائنہ ٹاؤن میں چراغاں کی تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد آمدہ چینی قمری نئے سال کا جشن منانا تھا۔
تھائی لینڈ سیاحتی اتھارٹی کے مطابق 14 جنوری سے 15 فروری تک مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے سے نصف شب تک یاؤ وارات روڈ کے 200 میٹر حصے کو روشنیوں سے سجایا جائے گا جس میں 45 میٹر طویل روشنی کی سرنگ اور مختلف طرز کی لالٹینیں شامل ہیں۔
تھائی لینڈ کے وزیر سیاحت و کھیل پھوپھٹ رات چاکت پراکرن نے تقریب کے بعد کہا کہ تھائی لینڈ سیاحتی اتھارٹی بنکاک کے علاوہ 4 دیگر صوبوں میں چینی قمری نئے سال کی تقریبات کی سرگرمیاں منعقد کرے گی جس میں پھوکٹ اور سونگ کھلا بھی شامل ہے۔
پھوپھٹ نے کہا کہ چینی نیا سال تھائی لینڈ میں منائے جانے والے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ہے، جبکہ رواں سال مزید چینی سیاحوں کو خوش آمدید کہا جا ئے گا۔
یاؤ وارات روڈ پر چینی آباد ہیں اور کاروبار کرتے ہیں، یہاں چینی قمری نئے سال کا ماحول پایا جاتا ہے جو تھائی باشندوں اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی سمت متوجہ کرتا ہے۔