کولمبو(شِنہوا)سری لنکا کے صدر رانیل وکرماسنگھے نے حکومت کے مختلف منصوبوں اور پروگراموں پرعملدرآمد یا ان میں سہولت فراہم کرنے کیلئے قائم کیے گئے پروجیکٹ آفسز (پی اوز)اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹس(پی ایم یوز)کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
صدر کے میڈیا ڈویژن(پی ایم ڈی) نے منگل کے روز اعلان کیا کہ کمیٹی 3 سینئر سرکاری افسران پر مشتمل ہوگی۔
30 اگست کو عبوری بجٹ تجویز برائے 2022ء میں اس کمیٹی کی تشکیل کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
پی ایم ڈی نے کہا کہ کمیٹی اس امر کا جائزہ لے گی کہ آیا پی اوز یا پی ایم یوز کے ذریعے کیا جانے والا کام متعلقہ وزارت،محکمے یا ادارے کے تحت خود مکمل کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
اس میں یہ بھی جائزہ لیا جائیگا کہ آیا پی اوز یا پی ایم یوز کو تفویض کردہ متعلقہ کاموں کو پورا کیا گیا ہے اور کیا وہ اپنے سپرد کردہ کاموں کو انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پی ایم ڈی نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر مشتمل رپورٹ 15 نومبر2022 سے پہلے پیش کی جائیگی۔