کولمبو(شِنہوا) سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے موسمی تبدیلی کے بین الاقوامی مشیر نے کہا ہے کہ سری لنکا موسمیاتی تبدیلی کے انتہائی زیادہ خطرے سے دوچار ہے کیونکہ اس کے شمالی خشک علاقے مزید خشک سالی جبکہ جنوب کے مرطوب برساتی علاقے مزید مرطوب ہورہے ہیں۔جنوبی ایشیائی ملک کے دورے کے دوران ناروے کے سابق وزیر ایرک سولہیم نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید موسموں سے لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا اور ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ماحول دوست ملازمتیں پیدا کرنے کا ایک بہت بڑا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، برقی نقل و حرکت، شجرکاری، ماحول دوست زراعت اور ماحولیاتی سیاحت سب ایک ہی وقت میں زمین کی بہتر طریقے سےدیکھ بھال کرتے ہوئے روزگاراور خوشحالی کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس 2019 کے مطابق سری لنکا موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔