کولمبو(شِنہوا) سری لنکن کابینہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سنگین اقتصادی بحران کے باعث ملکی خزانے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔
کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردینا نے منگل کے روز صحافیوں کو بتایا کہ ٹیکس کے ذریعے جمع ہونے والے محصولات میں کمی ہوئی ہے۔
بندولا گناوردینا نے بتایا کہ اس کے باعث ادائیگیاں کرنے کیلئے فنڈز کی قلت ہو گئی ہے۔
گناوردینا نے کہا کہ 2022ء کے دوران ملک میں آنیوالے معاشی بحران سے خزانے کی آمدن متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023ء کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ٹیکسوں کے ذریعے حاصل ہونیوالی آمدنی میں کمی متوقع ہے۔ تاہم ہمیں سرکاری شعبے کی تنخواہیں ادا کرنی ہیں۔ یہ ادائیگیاں ہمارے ذاتی فنڈز سے نہیں خزانے سے کی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صدر نے تمام وزارتوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ 2023ء کیلئے اپنے بجٹ میں کم از کم 5 فیصد کمی کریں۔
گناوردینا نے کہا کہ اقتصادی بحران کے اثرات کو کم کرنے کی خاطر اخراجات میں کمی کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔