• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 25th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

صومالیہ ، ہوٹل میں دھماکہ ، حملہ آوروں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاکتازترین

October 24, 2022

موغادیشو(شِنہوا)صومالیہ کی ریاست جوبالینڈ کے تجارتی دارالحکومت اور جنوبی ساحلی شہر کسمایو کے ایک ہوٹل پرحملے کے نتیجے میں 4 حملہ آوروں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک اور 47 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

جوبالینڈ کے سیکورٹی وزیر یوسف حسین عثمان نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی معروف توکل ہوٹل کے گیٹ سے ٹکرائی ، سیکورٹی فورسز نے 8 گھنٹے تک فائرنگ کے تبادلہ کے بعد محاصرہ ختم کر دیا ہے۔

یوسف حسین عثمان نےکہا کہ ایک خودکش بمبار سمیت 4 حملہ آور مارے گئے ہیں اور کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹل کے گیٹ پر خودکش حملہ آور کے خود کودھماکے سے اڑا لینے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہوٹل کے اندر پھنسے ہوئے متعدد افراد کو بھی ریسکیو کر لیا ہے۔

عسکریت پسند گروہ الشباب نے حملےکی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے جوبالینڈ ریجن کے انتظامی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جو ہوٹل سے کام کر رہے تھے۔