موغادیشو(شِنہوا) صومالیہ میں بارشوں میں نسبتاً اضافے اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باوجودتقریباً66لاکھ افراد کو انسانی بحران یا خوراک کےشدید عدم تحفظ کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے تعاون سے جاری رپورٹ ،انٹیگریٹڈ فوڈ سیکورٹی فیز کی درجہ بندی (آئی پی سی) میں کہا گیا ہے کہ صومالیہ میں کم از کم جون تک شدید غذائی عدم تحفظ انتہائی سطح تک برقرار رہے گا ، جہاں اس مدت کے دوران قحط کے خطرے میں کمی کے باوجود مجموعی آبادی کے 39 فیصد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہوگی۔
اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں کےتجزیہ پر مبنی آئی پی سی میں کہا گیا ہے کہ 2021 کے وسط سے خوراک کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ صومالیہ کے بیشترحصوں میں خوراک کی شدید کمی کا باعث رہا ہے۔
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشوکے بنادراسپتال میں ایک ماں غذائی قلت کا شکاراپنے بچے کولے کر بیٹھی ہے۔(شِنہوا)
آئی پی سی کے مطابق، پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں شدید غذائی قلت کا پہلے سے لگایا گیا تخمینہ اگر درست رہتا ہے تو صومالیہ میں جنوری سے دسمبر 2023 تک تقریباً 18لاکھ بچوں کوغذائی قلت کا سامنا ہوگا، جن میں سے 4لاکھ 77ہزار700 بچوں کےشدید غذائی قلت کا شکار ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق خوراک کے عدم تحفظ اور غذائیت کی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے، کم از کم جون اور سال کے آخر تک اعلیٰ سطح کی کثیر شعبہ جاتی امداد میں اضافے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اضافی فنڈنگ کی فوری ضرورت ہے جس میں خوراک کی موثر فراہمی، غذائیت، صحت اورپانی،نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی سہولیات شامل ہے۔