اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کےامدادی سربراہ نے خبردار کیا کہ سوڈان میں تنازعہ کاوسیع خانہ جنگی میں تبدیل ہونا ایک انسانی المیے کا باعث بن سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امدادی رابطہ کار مارٹن گریفتھس نے کہا کہ اگر فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر اقدامات نہ کئے گئے تو یہ بحران ایک تباہی میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے جو پورے ملک اور پھر خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جان بچانے والی امداد کے حصول کے لیے ایک مربوط بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے جبکہ یہ ضرورت ماضی میں بھی تھی ، حال میں بھی ہے اور مستقبل میں بھی رہے گی۔
گریفتھس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ عمومی مباحثے کے موقع پر سوڈان کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کیا۔
اس اجلاس کی میزبانی مصر، سعودی عرب، قطر، افریقی یونین، یورپی یونین، اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی اور اقوام متحدہ کے انسانی امورکےرابطہ دفتر (او سی ایچ اے) نے کی۔
اس موقع پر مارٹن گریفتھس نے کہا کہ سوڈان میں دو فوجی دھڑوں کے درمیان لڑائی کے دوران سب سے بڑا چیلنج ضرورت مندوں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ ملک سوڈان میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ماحول ،رسائی کی پابندیوں اور سرکاری سطح پر رکاوٹوں کی وجہ سے ہماری کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔
گریفتھس نے کہا کہ تنازعہ کے باعث 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں ،12 ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور 50 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں جن میں سے 10 لاکھ سے زیادہ ہمسایہ ممالک میں جانے پر مجبور ہیں۔