• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سلامتی کونسل کی اقوام متحدہ کے لیےکام کرنےوالی خواتین پر طالبان کی پابندی کی مذمتتازترین

April 28, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ (یو این) کی سلامتی کونسل نے افغان خواتین پر عالمی ادارے کے لیے کام کرنے پر پابندی عائد کرنے پر افغانستان کی عبوری حکومت کی مذمت کی ہے اور طالبان رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیں۔

اس حوالے سے 15 رکنی باڈی کی جانب سے متفقہ طور پر منظورکی گئی قرارداد میں افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کی مکمل، مساوی، بامعنی اور محفوظ شرکت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں اقوام متحدہ میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی پر کونسل کے اراکین کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے ملک بھر میں اقوام متحدہ کی امدادی کارروائیوں پر شدید منفی اثر پڑے گا۔

قرارداد میں یہ بھی زور دیا گیا ہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کا امدادی مشن (یوناما) بھی پابندی کے خاتمے تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے مجازکردار پر عمل درآمد کرنے سے قاصر رہے گا۔

اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سےخواتین اور لڑکیوں کے بہت سے انسانی حقوق کو واپس لے لیا گیا ہے جس کے تحت خواتین کے ہائی سکول اور یونیورسٹی میں جانے پر پابندی، نقل و حرکت اور ملازمت پر پابندیوں سمیت دسمبر کا ایک حکمنامہ شامل ہے جو خواتین شہریوں کو زیادہ تر این جی اوز کے لیے کام کرنے سے منع کرتا ہے۔

 تاہم اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کو اس وقت دنیا میں سب سے کم مالی امداد دی جا رہی ہے جہاں اب تک کی فنڈنگ کا 5 فیصد سے بھی کم حصہ فراہم کیا گیا ہے۔