طرابلس (شِنہوا) چین کا ایک کارگو طیارہ سیلاب سے متاثرہ لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں 90 ٹن ہنگامی انسانی امداد لے کر پہنچ گیا۔
لیبیا کے ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل عمر ابو دابوس کے علاوہ لیبیا اور چین کے سینئر سفارت کاروں کی موجودگی میں بینینا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ابتدائی طبی امداد، واٹر پیوریفائرز، خیمے، کمبل، الٹرا ساؤنڈ تشخیصی نظام، لائف جیکٹس اور دیگر امدادی سامان اتارا گیا۔
بحیرہ روم کے طوفان ڈینیل سے 10 ستمبر کو لیبیا میں دہائیوں کے دوران بدترین سیلاب آیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے اور خطے کے بنیادی ڈھانچے، خاص طور پر پانی کی فراہمی اور سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
لیبیا کے حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آلودہ پانی کے سبب درجنوں افراد خاص کر بچے شدید متاثر ہو ئے ہیں ۔ ان علاقوں میں لوگوں کو صاف پانی تک رسائی بہت محدود ہے۔
لیبیا میں چین کے ناظم الامور لیو جیان نے کہا کہ امید ہے کہ چین کی امداد سے لیبیا کو تباہی کے اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ علاقوں کو معمول پر لانے میں مدد ملے گی۔