• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

سی پیک پاکستان۔چین تعلقات کو گہری اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر رہا ہے، وزیر توانائیتازترین

July 04, 2023

لاہور (شِنہوا) وزیر توانائی خرم دستگیر خان نےکہا ہے کہ 10 سال قبل چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے تعلقات گہری اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو گئے تھے۔

انہوں نے سی پیک کے تحت ±660 کے وی مٹیاری لاہور ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) ٹرانسمیشن منصوبے کے ایک ہزار دن کے لئے محفوظ آپریشن کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک چینی حکومت اورچینی  عوام کی جانب سے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کے لئے ایک گہرا عزم ہے۔

سی پیک کی دسویں سالگرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دہائی قبل باقاعدگی سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کی ایک شدید لہر کے ساتھ توانائی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے اس کا کوئی بھی بین الاقوامی شراکت دار اس کی حمایت کے لئے فعال طور پر سامنے آنے کو تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔یہ مشکل وقت ہے جو آپ کو اپنے حقیقی دوستوں کو پہچاننے کا موقع دیتا ہے۔

مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی پہاڑوں سے بجلی کے منصوبوں کو جنوبی حصوں تک جوڑنے والا  886 کلومیٹر طویل نیٹ ورک دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے بندھن کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں چینی سفارت خانے میں تجارتی امور کے قونصلر لی یونگ نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی کی ترسیل کا واحد منصوبہ پہلے ہی تقریباً 27 ارب کلو واٹ گھنٹے (کلوواٹ آورز) بجلی فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے پر مکمل عملدرآمد کے لیے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملکر کام کرنے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ اور اسے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے اعلیٰ معیار کے نمونہ منصوبے میں تبدیل کرنے کو تیار ہے۔