اسلام آباد(شِنہوا) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) سے پاکستان میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ مل رہا ہے اور 2013 میں اس کے افتتاح کے بعد سے ملک نے معاشی اعتبار سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی 10 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو چین کے ساتھ ہر قسم کے حالات میں اسٹریٹجک تعاون شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی توسیع اور ترقی کے لیے پرعزم ہیں تاکہ باہمی رابطے، ترقی اور باہمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم معیشت و تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتے ہوئے سی پیک کے تمام منصوبوں کو محفوظ، ہموار اور اعلیٰ معیار کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں چین نے پاکستان میں ابتدائی طور پر توانائی اور ٹرانسپورٹ ڈھانچے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔ اس کے علاوہ قومی گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ توانائی شامل کی گئی اور پاکستان میں تقریبا ً 2 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ سی پیک علاقائی رابطوں میں اپنی اہمیت کی بدولت دیگر فریقین کے لیے بھی صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا ایک جامع اور کھلا پلیٹ فارم ہے۔