• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

سی پیک معاشی ترقی کا انقلابی قدم ہے، مشاہد حسینتازترین

February 07, 2023

اسلام آباد(شِنہوا) سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی اقتصادی ترقی اور نمو کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔سینیٹ وفد کے سندھ میں سی پیک منصوبوں کے دورے بارے ایوان بالا کو بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر نے کہا کہ سی پیک کے تحت بنیادی ڈھانچے اور توانائی منصوبے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی لا رہے ہیں۔انہوں نے سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر بارے پاکستان سے تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے توانائی کے تحفظ، روزگار اور پاکستانی شہر یوں کے معیار زندگی کو تبدیل کرنے میں بنیاد فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ خاص کر صوبے کے ہندو اکثریتی ضلع تھرپارکرمیں مختلف ترقیاتی منصوبے پاکستان کی کامیابی کی داستان ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بدل چکی ہے اور تھرپارکر ترقی کی قیادت کررہا ہے ۔ تھرپارکر میں خواتین سی پیک منصوبوں کے ڈمپر ٹرک چلاتی ہیں۔وہ بہادر اور مضبوط ہیں۔ وہاں  تقریبا ایک ہزار ڈمپر ٹرک چل رہے ہیں جن میں سے 100 خواتین چلارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہے۔ 12 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہو ئیں۔ یہاں 12 ارب 80 کروڑ ٹن کوئلہ موجود ہے جو سی پیک کے تحت کوئلے سے چلنے والے توانائی منصوبوں سے قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے ۔ایک قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے چین نے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان کے مستقبل پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔