بیجنگ(شِنہوا) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے بدھ کو بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے ملاقات کی۔
چھن نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی ممالک کے لیے اتحاد کے ذریعے طاقت حاصل کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے اور اس نے علاقائی سلامتی ، استحکام کے تحفظ، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سمرقند سربراہ اجلاس میں چینی صدر شی جن پھنگ نے ایس سی او کے کامیاب تجربے کا خلاصہ کرتے ہوئے دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر ایک اہم اتفاق رائے قائم کیا جس میں ایس سی او کی مستقبل کی ترقی کا راستہ طے کیا گیا۔
چھن نے کہا کہ چین دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے، صدر شی کی طرف سے تجویز کردہ عالمی ترقی و عالمی سلامتی کے اقدام سمیت عالمی تہذیبی اقدام کو فعال طور پر نافذ کرنے اور مشترکہ مستقبل کی مزید قریبی کمیونٹی کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔
سیکرٹری جنرل اور سیکرٹریٹ کے کام کو سراہتے ہوئے چھن نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹریٹ ایک مربوط کردار ادا کرتا رہے گا اور مختلف شعبوں میں مربوط انداز میں تعاون کو فروغ دینے سمیت تنظیم کی ہم آہنگی اور عمل درآمد کی صلاحیت کو مسلسل بڑھاتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین سیکرٹری جنرل اور سیکرٹریٹ کے کام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔