شنگھائی(شِنہوا)رواں سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران شنگھائی اور اٹلی کے مابین درآمدات اور برآمدات گزشتہ سال کی نسبت 3.2 فیصد اضافہ کے ساتھ 99 ارب 31 کروڑ یوآن(تقریباً 14 ارب 25 کروڑ امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی ہیں۔
شنگھائی کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق اٹلی فرانس کو پیچھے چھوڑ کر یورپی یونین (ای یو) میں شنگھائی کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔
شنگھائی کسٹمز کے مطابق اس وقت یورپی یونین کے دیگر ممالک میں سے جرمنی شنگھائی کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ جنوری سے نومبر تک،شنگھائی اور جرمنی کے درمیان غیر ملکی تجارت کا حجم 2 کھرب 32 ارب یوآن سے تجاوز کر گیا، جو کہ شہر کی یورپی یونین کے ساتھ مجموعی درآمدات اور برآمدات کا تقریباً ایک تہائی حصہ ہے۔
اسی مدت کے دوران فرانس کے ساتھ شنگھائی کی غیر ملکی تجارت کی مالیت 90 ارب 15 کروڑ یوآن رہی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 8.3 فیصد کم ہے۔
دریں اثںاء یورپی یونین کے ساتھ شنگھائی کی مجموعی غیر ملکی تجارت گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے 4 فیصد اضافہ کے ساتھ 7 کھرب 56 ارب 80 کروڑ یوآن سے تجاوز کر گئی ہے۔
مقامی کسٹمز نے بتایا کہ خاص طور پر یورپی یونین کو شنگھائی کی برآمدات میں الیکٹرک مسافر گاڑیوں کو برتری حاصل رہی اور آٹو موبائل سامان کی مالیت 129.9 فیصد اضافہ کے ساتھ 41 ارب 75 کروڑ یوآن تک پہنچ گئی ہے۔ میونسپلٹی کی لیتھیم آئن بیٹری کی برآمدات بھی 560.5 فیصد کے شاندار اضافہ کے ساتھ 9 ارب 68 کروڑ یوآن تک پہنچ گئی ہیں۔