• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

شمالی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق،8 زخمی: طبی ماہرینتازترین

May 29, 2023

رم اللہ (شِنہوا)شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایک فلسطینی  جاں بحق اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ جنین میں پیر کو اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہونے والے کی شناخت 37 سالہ اشرف ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق ابراہیم سابق قیدی اور فلسطینی جنرل انٹیلی جنس سروس میں افسر تھے۔

اسرائیل نے فوری طور پر ہلاکتوں کی شناخت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

وزارت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے زیادہ تر فلسطینیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔

جنین میں فلسطینی عینی شاہدین اور سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شہر کے متعدد محلوں پر دھاوا بول کر ان فلسطینیوں کو گرفتار کیا جو مبینہ طور پر اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں کے خلاف حملوں میں ملوث تھے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنین میں چھاپہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا۔

فوج نے کہا کہ چھاپے کے بعد اسرائیلی فوجیوں پر مقامی عسکریت پسندوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر فائرنگ شروع کی گئی جس پر جوابی فائرنگ کی گئی جس میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے نقصان کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ادھر فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مشرق میں عسکر پناہ گزین کیمپ میں اس وقت جھڑپیں ہوئیں جب اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے لیے کیمپ پر دھاوا بول دیا۔