دمشق(شِنہوا)شام میں ایرانی اہداف پرمبینہ امریکی حملوں میں سات ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا جنگجو مارے گئے۔
منگل کو شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں متعدد دھماکوں نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا جبکہ اس دوران نامعلوم ڈرون پرواز کرتے رہے ۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کے بارے میں شامی مبصرگروپ کے مطابق ان دھماکوں کے ساتھ البوکمال، المیادین اور صوبائی دارالحکومت دیر الزور سمیت کئی شہروں میں شامی فوج اور ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے شدید فضائی حملے کیے گئے۔
گروپ نے کہا کہ وہ فضائی حملوں کے ذمہ دار فریق کی تصدیق نہیں کر سکتا تاہم یہ ممکنہ طور پر امریکی فوج نے کیے ہیں جن میں اسرائیل بھی ممکنہ طور پر ملوث ہے۔ مبصر گروپ نے کہا کہ ایک کمانڈر بھی اس حملے میں مارا گیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
شامی حکومت اور ایرانی حکام نے مبینہ فضائی حملوں یا ڈرون کی موجودگی کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن حزب اختلاف کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملے امریکی افواج نے کیے تھے۔