تہران(شِنہوا)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےکہا ہے کہ شام کا ان کا دو روزہ دورہ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سیکورٹی تعلقات کو بہتر بنانے میں ایک فیصلہ کن ثابت ہو گا۔
ایرانی سٹوڈنٹس نیوزایجنسی کے مطابق رئیسی نے شام سے تہران واپس پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا کہ یہ دورہ شامی عوام اور حکومت کی طرف سے دشمنوں کی سازشوں اور فتنہ انگیز کارروائیوں کے خلاف 12 سال کی مزاحمت کے بعد دونوں اطراف اور خطے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تباہ کن حملوں کے خلاف شام کی مزاحمت کو سراہتا ہے اور اس عمل میں ایران کی حمایت نے شام اور خطے کو یہ یقین دلایا کہ ایران ایک "مضبوط ستون" ہے جس پر وہ بھروسہ کر سکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں فریق اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، عراق اور شام کے درمیان توانائی کی پیداوار اور تقسیم، مشترکہ بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کے قیام، تجارتی محصولات میں کمی، راستے کھولنے اور شام کے زرعی، صنعتی اور توانائی کے شعبوں کی بحالی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق 15 دستاویزات پر دستخط کیے گئے ہیں۔