دمشق (شِنہوا) شام کی سمندری حدود میں لبنان سے تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
شام کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کشتی پر سوار 20 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں اس وقت ساحلی شہر ترطوس میں طبی علاج فراہم کیا جارہا ہے، تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔
وزارت نے زندہ بچ جانے والے افراد کی شہادتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشتی لبنان سے روانہ ہوئی تھی جس میں کئی قومیتوں کے لوگ سوار تھے جبکہ ان کی منزل مقصود معلوم نہیں تھی۔
شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کشتی میں 120 سے 150 افراد سوار تھے جن کا تعلق لبنانی، شامی اور دیگر نامعلوم قومیتوں سے ہے اور یہ کہ کشتی قبرص کی طرف جا رہی تھی۔
شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ شام کے فوجی ہیلی کاپٹر اورمقامی ماہی گیروں کی کشتیوں نے زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش میں حصہ لیا۔