لندن(شِنہوا)بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد رشی سونک نئے برطانوی وزیراعظم بن گئے ہیں ، منگل کے روز ہونیوالی ملاقات میں بادشاہ نے لز ٹرس کے استعفیٰ کے بعد رشی سونک کو حکومت کی تشکیل کرنے کا کہا ہے۔
برطانیہ کے سابق وزیرخزانہ رشی سونک نے پیر کے روز حکمران کنزرویٹو پارٹی کی سربراہی سنبھالی تھی۔
42 سالہ رشی سونک برطانوی وزیراعظم بننے والے پہلے بھارتی نژاد اور ملک کی جدید سیاسی تاریخ میں اس عہدےپر فائز ہونے والے سب سے کم عمر شخص ہیں۔
انہیں وراثت میں ایک ایسی معیشت ملی ہے جو توانائی بحران ، ضروریات زندگی کی قیمتوں کا بحران اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ کساد بازاری کے دہانے پر ہے ، جس کا کوئی بھی آسان حل موجود نہیں۔ لزٹرس کی جانب سے اقتصادی ترقی کے لیے قرضوں کی ٹیکس کٹوتیوں کو استعمال کرنے کی کوشش بھی صورتحال پر قابوپانے میں ناکام رہی تھی۔
اپنی الوداعی تقریرمیں لز ٹرس نے اپنے ترقیاتی منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پہلے سے کہیں زیادہ اس بات پر قائل ہوں کہ ہمیں جرات مندانہ بننے اور ان چیلنجوں کا سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔