کینبرا(شِنہوا) آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور چین کے تعلقات سے دونوں ممالک کو اہم فوائد حاصل ہوئے ہیں۔بدھ کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو50 سال مکمل ہو گئے،21 دسمبر 1972 کو اس وقت کے وزیراعظم گف وائٹلم کے دور میں آسٹریلوی حکومت نے،عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔البانیز نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ میرے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ آپ کو اپنی نیک تمنائیں بھیجوں کیونکہ ہم آسٹریلیا اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور چین کے درمیان مستحکم تعلقات دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہیں کیونکہ یہ ہماری معیشتوں، ہماری ثقافت اور ہمارے لوگوں کے لیے فائدہ مند رہے ہیں۔ دو طرفہ تعلقات کے آغاز کے بعد 50 سالوں میں، چین آسٹریلیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔