ڈنمارک کی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کی گئی تصویر میں نارڈ سٹریم پائپ لائن سے گیس کے رساؤکو دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
ماسکو(شِنہوا) امریکی تحقیقاتی صحافی سیمور ہرش نےکہا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے نارڈ سٹریم پائپ لائن دھماکوں کا حکم دیا تھا تاکہ جرمنی پر روس کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ آرٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہرش نے وضاحت کی کہ بائیڈن نے پائپ لائن دھماکوں کا حکم دیا تھا ۔انہوں نے اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کرنے کی واشنگٹن کی کوششوں کو مکمل "افسانہ" قرار دیا۔صحافی کے مطابق امریکی صدر نے عوام سے یہ جھوٹ بولا کہ اس نے حملوں کی اجازت نہیں دی ۔ ہرش کے مطابق، تخریب کاری کا اصل مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ یورپ نیٹو کی حمایت جاری رکھے اور یوکرین کو اپنے ہتھیاروں کی سپلائی میں اضافہ کرے، تاکہ وہ اس جنگ جاری رکھے جسے وہ "روس کے خلاف ایک واضح پراکسی جنگ" کہتے ہیں۔ فروری کے شروع میں، ہرش نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ امریکہ اور ناروے نے جون 2022 میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران ریموٹ سے متحرک دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا، جس نے تین ماہ بعد نورڈ اسٹریم کی چار پائپ لائنوں میں سے تین کو تباہ کر دیا تھا۔