• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

صدرعوامی جمہوریہ کوریا کا عسکری تیاریوں کا معائنہتازترین

September 08, 2024

سیول (شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا کے سربراہ نے حال ہی میں ملک کی آرٹلری فورس کی تربیت، بحریہ مرکز کی تعمیر اور ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق متعدد فوجی معائنے کئے۔

سرکاری خبررساں ادارے کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور عوامی جمہوریہ کوریا کے صدر کم جونگ ان نے  ملک کے آرٹلری کمانڈنگ افسران کے ایک بڑے تربیتی مرکز او جن یو آرٹلری اکیڈمی کا معائنہ کیا جس میں انہوں نے اکیڈمی کے افسران سے کہا کہ وہ توپ خانے کی حکمت عملی اور جدید فوجی سازوسامان سے اچھی طرح واقفیت حاصل کریں اور تیزی کے ساتھ مکمل جنگی کمان کی صلاحیتوں سے آراستہ ہوں تاکہ جدید جنگ کی کسی بھی شکل میں دشمن کو مکمل طور اور بھرپور طریقے سے روک کر ان کا صفایا کردیا جائے۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی دو مزید رپورٹس میں بتایا ہے کہ عوامی جمہوریہ کوریا کے سربراہ نے اتوار کو ایک جدید بحری اڈے کے تعمیراتی مقام کا دورہ بھی کیا اور ملک کے جہاز سازی کے کام سے متعلق ہدایت جاری کی۔

کم نے عوامی جمہوریہ کوریا کی بحری افواج کی علامت اور نیول آپریشنل کمانڈ اور نیوی کلچر کے مرکز میں سے ایک  جدید بندرگاہی شہر کی تعمیر کو ایک فوری کام قرار دیا۔ انہوں نے ملک کی سمندری حدود کے دفاع اور جنگی تیاریاں تیز کرنے کو بحریہ کی مضبوطی میں اہم ترین امور قرار دیا۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے مزید بتایا ہے کہ کم نے دوسرے اقتصادی کمیشن کے ماتحت ایک دفاعی صنعتی ادارے کا دورہ بھی کیا جس میں انہوں نے رواں سال کی دوسری ششماہی میں فوجی سازسامان کی پیداوار سے متعلق معلومات حاصل کی۔ انہوں نے گولہ بارود کی پیداوار کو جدید ترین سطح تک بڑھانے اور فوجی سازوسامان کی جنگی کارکردگی کی مکمل ضمانت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔