بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے فلپائن کے سابق صدر روڈریگو ڈوٹرٹے سے بیجنگ کے دیایوتائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
شی نے کہا کہ فلپائن کے صدر کی حیثیت سے ڈوٹرٹے نے عوام اور تاریخ کے مطابق ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا اسٹریٹجک انتخاب کیا۔
چین اور فلپائن کے تعلقات صحیح راستے پر واپس آنے اور خوشحال ہونے میں کامیاب رہےجو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تبادلوں میں ڈوٹرٹے کے اہم کردار کا مظہر ہے۔
صدر شی نے اس بات کا ذکر کیا کہ چین اور فلپائن ایشیا میں ترقی پذیر ممالک ہیں۔ دونوں ممالک کی ترقی کی جڑیں اچھے ہمسایہ اور دوستانہ ماحول اور ہمہ جہت تعاون کے ایشیائی خاندان میں موجود ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ہمسائیگی، خلوص، باہمی فائدے اور شمولیت پر مبنی ہمسایہ سفارتکاری کی پالیسی کو برقرار رکھتا ہے اور ہمیشہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستی اور شراکت داری قائم کرنے کے لئے پرعزم رہا ہے۔
شی نے کہا کہ چین ہمیشہ چین۔ فلپائن تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور فلپائن کے ساتھ تعلقات کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ڈوٹرٹے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعاون میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
فلپائن کی اقتصادی و سماجی ترقی میں چین کی گراں قدر حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈوٹرٹے نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا دونوں اطراف کے عوام کے مفادات کو پورا کرتا ہے اور فلپائن کے عوام کی اکثریت کی امنگوں کے مطابق ہے۔
انہوں نے دوطرفہ دوستی کو فروغ دینے میں اپنا کردار جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔