کابل (شِنہوا) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب نمائندہ خصوصی مارکس پوٹزل سے ملاقات کی ہے۔
طلوع نیوز چینل کی جمعرات کے روز ر پورٹ کے مطابق انہوں نے ملاقات کے دوران جنگ زدہ ملک میں دیرپا امن کے حصول کے لیے قومی مکالمے کی ضرورت پرزوردیا۔
کرزئی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کے لیے اسکولوں اور یونیورسٹیز کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان کی طالبان کے زیرانتظام نگراں حکومت کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قومی مذاکرات کی تجویز پر اعتراض کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے طلوع نیوزسے بات چیت میں کہا ہے کہ قومی مذاکرات کا وقت گزرچکا ہے اور اس طرح کے مذاکرات کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔