ریاض (شِنہوا) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ سلطان یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ سعودی عرب میں اس طرح کے پہلے انسٹی ٹیوٹ کا سرکاری سطح پر افتتاح ہے۔
یونیورسٹی کے صدر احمد بن صالح الیمنی اور سعودی عرب میں چینی سفارتخانے کے نا ظم الامور ین لی جون نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
الیمنی نے کہا ہے کہ چین کی شین ژن یونیورسٹی کے اشتراک سے بنایا جانے والا انسٹی ٹیوٹ سعودی عرب کے طلبا اور نوجوان افراد کو چینی زبان وثقافت کا مطالعہ کرنے کے اہم مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ چین اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی و معاشی تبادلوں اور تعاون کے فروغ میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔
انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹرٹیجک شراکت داری نے تیز رفتار ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے اور متعدد شعبوں میں تعاون مسلسل گہرا اور وسیع ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج سعودی عرب کی چار یونیورسٹیز میں چینی زبان کو بنیادی مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے اور 8 پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے نصاب میں چینی کورسز موجود ہیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیا کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سعودی عرب کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو چینی ثقافت کو بہتر طور جاننے میں معاونت فرام کرے گا اور متعدد شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں اور تعاون کے لئے پُل کا کردار ادا کرے گا۔
شین ژن یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی ڈین ژانگ شن ینگ نے شِنہوا کو بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ چینی زبان کو بہتر طور پر پڑھانے، بین الاقوامی طلبا کے تبادلوں اور چین۔عرب ثقافتی تبادلوں کو پیش کرنے کے لئے پرعزم ہے۔