ریاض(شِنہوا) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان السعود کی دعوت پر اعلیٰ سطح کی چین سعودیہ مشترکہ کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں شرکت کیلئے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے پر لی نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں کی صف بندی کو مزید مستحکم کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کو اعلی سطح تک لے جائیں گے۔
چین اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ روایتی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے لی نے کہا کہ 34 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دوطرفہ تعلقات نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے زبردست ترقی حاصل کی ہے جس کے عملی تعاون میں نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
دو نوں ممالک کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت د ینے کیلئے اپنے قیام کے دوران لی چھیانگ، سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔
لی نے کہا کہ دسمبر 2022 میں چینی صدر شی جن پھنگ نے پہلے چین عرب ریاستوں کے سربراہ اجلاس اور پہلے چین خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) سربراہ اجلاس میں شرکت کی اور سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے دونوں ممالک نے سربراہ اجلاسوں کے اہم نتائج پر فعال طور پر عمل درآمد کیا ہے، سیاسی باہمی اعتماد کو مسلسل مضبوط کیا ہے، مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مسلسل آگے بڑھایا ہے، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے اور چین سعودی عرب جامع سٹرٹیجک شراکت داری کو مسلسل بڑھایا ہے۔
لی چھیانگ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس دورے سے مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت ملے گی، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی گہری ہوگی اور چین-جی سی سی اور چین-عرب تعلقات میں زیادہ پیش رفت کو فروغ ملے گا۔