تہران(شِنہوا)ایران کے وزیر دفاع محمد رضا آشتیانی نے کہا ہے کہ انکی فوج سعودی عرب کے ساتھ فوجی اور تکنیکی تعاون کو وسیع کرنے کے لیے تیار ہے۔
نیم سرکاری خبررساں ادارےمہر کے مطابق ایران میں سعودی عرب کےسفیر عبداللہ بن سعود العنزی کے ساتھ تہران میں ملاقات کے دوران آشتیانی نے ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں دونوں ممالک کی مسلح افواج تعاون کرسکتی ہیں جن میں فوجی،سلامتی، انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس طرح کا تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا اور خطے میں سلامتی اور استحکام میں بہتری آئے گی۔
آشتیانی کا کہنا تھا دونوں علاقائی ممالک کے مفادات اور چیلنجز مشترکہ ہیں اور ان کےلیے ضروری ہے وہ ایک دوسرے کے ساتھ پرامن طور پر رہیں اور سیکیورٹی کے معاملے میں مشترکہ فہم وفراست سے کام لیں۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ علاقائی اور ہمسایہ مملک کو خطے کی اجتماعی سلامتی یقینی بنانے کی ذمہ داری ادا کرنی چاہئیے اور آمادگی کا اظہار کیا کہ ایران خطے میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی مذاکرات کےلئے مکمل طور پر تیارہے۔
آشتیانی نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام ک مذمت کی اور مسلم ممالک پر زور دیاکہ وہ غزہ میں اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے مزید فیصلہ کن اور منظم اقدامات کریں اور واضح موقف اپنائیں۔
اس موقع پر سعودی سفیرنے دفاعی اور تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انکا کہنا تھا کہ سعودی عرب او ایران دوست اور برادر ملک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلے اور دفاعی حکام کی ملاقاتوں سے دفاع کی وزارتوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے۔