• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سعودی عرب ،چین کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، نائب وزیر خارجہتازترین

May 28, 2023

ریاض (شِنہوا) سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ،چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی فوائد حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

سعودی عرب اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے الخیریجی نے کہا کہ دونوں ممالک نے 2016 میں اپنے تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے مقام تک پہنچایا اور حالیہ برسوں میں دوطرفہ اعلٰی سطح کے دوروں نے تعلقات کو گہرا کرنے کے عزم کو مزید اجاگر کیا ہے۔

سعودی سفارتکار نے کہا کہ 2016 اور 2022 میں چینی صدر شی جن پھنگ کے سعودی عرب کے دوروں نے تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی میں سعودی عرب اور چین کے مشترکہ مفادات ہیں۔ سعودی عرب کے وژن 2030 اور چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو کے حوالے سے متعدد منصوبوں، معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں میں ہائیڈروجن انرجی، عدلیہ، چینی زبان کی تعلیم، میڈیا تعاون اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔

الخریجی نے سیاسی واقتصادی محاذوں پر چین کے بااثر کردار کو تسلیم کیا اور دوطرفہ وکثیر الجہت شعبوں میں مختلف امور پر چین کے ساتھ مسلسل تعاون اور معاہدے پر روشنی ڈالی جبکہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری میں چین کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا جو بات چیت اور مواصلات کے لئے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ مذاکرات 6 اور 10 مارچ کو ہوئے تھے جس کے نتیجے میں چین، سعودی عرب اور ایران کی جانب سے مشترکہ سہ فریقی اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے ساتھ ایک نئے باب کا آغاز ہو گا جس کی بنیاد متفقہ اصولوں و طریقہ کار پر پختہ عزم کے ساتھ مبنی ہو گی اور دونوں ممالک اور وسیع تر خطے کے فائدے کے لیے سلامتی، استحکام، تعاون اور ترقی کی فضا کو فروغ دیا جائے گا۔