ریاض (شِنہوا) سعودی آرامکو نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کی سب سے بڑی غیر روایتی گیس فیلڈ جافورہ کے دوسرے مرحلے کی ترقی کے لئے تقریبا 12.4 ارب امریکی ڈالر مالیت کے 16 معاہدے کئے ہیں۔
سعودی توانائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاہدے میں گیس کمپریشن سہولیات اور متعلقہ پائپ لائنوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ جافورہ گیس پلانٹ کی توسیع بھی شامل ہے، جس میں گیس پروسیسنگ ، یوٹیلیٹیز، سلفر اور برآمدی سہولیات شامل ہوں گی۔
بیان کے مطابق ان معاہدوں میں جبیل میں آرامکو کی نئی ریاس نیچرل گیس لیکوئڈز (این جی ایل) فریکشنیشن تنصیبات کی تعمیر بھی شامل ہے تاکہ جافورہ سے حاصل کردہ این جی ایل کو پراسیس کیا جاسکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرامکو نے 2028 تک 4 ہزار کلومیٹر پائپ لائنوں اور 17 نئی گیس کمپریشن ٹرینوں کی تعمیر کے لئے 8.8 ارب ڈالر کے 15 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں تاکہ توانائی کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ماسٹر گیس سسٹم کو حجم اور صلاحیت کے اعتبار سے بڑھایا جاسکے۔ اس منصوبےپر وزارت توانائی کے تعاون سے پہلے ہی کام جاری ہے۔
مذکورہ معاہدوں کے ساتھ ساتھ جافورہ میں 23 گیس ریگ معاہدے ، دو ڈرلنگ معاہدے اور 13 کنوؤں کے معاہدے بھی ہوئے ہیں جن کی مجموعی مالیت 25 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ ان کی تکیمل سے کمپنی 2030 کا مقرر کردہ گیس کی فروخت کا ہدف پورا کرے گی جو 2021 کے مقابلے میں 60 فیصد زائد ہے۔