ماسکو(شِنہوا)روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ جرمنی نے نارڈ اسٹریم 2 کے بچ جانے والے پائپ کا دوبارہ استعمال شروع نہیں کیا حالانکہ روس اس کے ذریعے گیس فراہم کرنے کو تیار ہے۔
روس کی خبر رساں ایجنسی ٹاس کے مطابق جمعہ کو شائع ہونے والے امریکی صحافی ٹکر کارلسن کے ساتھ ایک انٹرویو میں پوتن نے کہا کہ معاملہ صرف نورڈ اسٹریم 1 کا نہیں ہے جسے دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا بلکہ نورڈ اسٹریم 2 کو نقصان پہنچا تھا لیکن ایک پائپ محفوظ اور فعال ہے اور اس کے ذریعے یورپ کو گیس فراہم کی جاسکتی ہے لیکن جرمنی اسے نہیں کھول رہا۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ کے ذریعے یامال- یورپ پائپ لائن کے لیے ایک اور راستہ ہے تاہم پولینڈ نے اسے بند کر دیا ہے۔
نارڈ اسٹریم پائپ لائنزجو روس سے قدرتی گیس کو جرمنی کے راستے یورپی منڈیوں تک پہنچاتی تھیں، کو ستمبر 2022 میں بحیرہ بالٹک میں ہونے والے دھماکوں کے بعد شدید نقصان پہنچا تھا۔