ماسکو(شِنہوا) روس نے اپنے علاقے بیلگوروڈ میں فوجی طیارے آئی ایل -76 کے حادثے میں ہلاک ہونے والے یوکرینی جنگی قیدیوں کی لاشیں یوکرین منتقل کرنے پر اپنی رضامندی کااظہار کیا ہے۔
آر آئی اے نووستی نیوز ایجنسی کے مطابق روس کی انسانی حقوق کی کمشنر تاتیانا موسکالکووا نے اس حوالے سے کہا کہ ہم تیار ہیں۔ طریقہ کار کے نقطہ نظر سے ہر چیز ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ طریقہ کار کے بعد لاشیں حوالے کی جا سکتی ہیں۔ یوکرین کی مسلح افواج نے بیلگوروڈ کے علاقے میں24 جنوری کو ایک روسی فوجی ٹرانسپورٹ طیارے، آئی ایل -76 کو مار گرایاتھا، طیارے میں جنگی قیدیوں کے تبادلے کے تحت 65 یوکرینی قیدی سوار تھے۔ حادثے میں تمام قیدی، تین ساتھی روسی افسران اور عملے کے چھ ارکان ہلاک ہوئے تھے۔