واشنگٹن (شِنہوا) امریکی محکمہ انصاف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف اسٹریٹجسٹ اسٹیو بینن کو کانگریس کی توہین پر 6 ماہ قید کی سزا کی سفارش کی ہے۔
محکمہ انصاف نے عدالت میں دائرایک جواب میں کہا ہے کہ بینن پر 2 لاکھ امریکی ڈالرز جرمانہ بھی کیا جائے کیونکہ انہوں نے کیپیٹل حملے کی تحقیقات کرنے والے ہاؤس سلیکٹ پینل کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔
یہ سفارش رواں ہفتے کے اختتام پر بینن کو سزا دینے کی سماعت سے پہلے سامنے آئی ہے۔
ایک الگ جواب میں بینن نے موقف اختیار کیا کہ انہیں جیل نہ بھیجا جا ئے کیونکہ انہوں نے اپنے وکلاء کے مشورے پر بھروسہ کیا تھا۔
کانگریس کی توہین بارے 68 سالہ بینن پر گزشتہ برس 6 جنوری کو کمیٹی نے فرد جرم عائد کی تھی۔
وہ ٹرمپ کی 2016 کی صدارتی مہم کے سربراہ تھے اور اگست 2017 میں برطرفی سے قبل وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے سینئر مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔