• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 17th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں قتل عام کا سبب بن سکتی ہے، امدادی سربراہ اقوام متحدہتازترین

February 14, 2024

جنیوا (شِنہوا) اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے متنبہ کیا ہے کہ رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے غزہ میں قتل عام ہو سکتا ہے جس سے ایک نازک انسانی صورتحال موت کی دہلیز پر پہنچ جائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیل کے زمینی حملے کے خطرناک نتائج  کے بارے میں عالمی برادری کے انتباہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت ان مطالبات کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ رفح اور غزہ کے باقی حصوں میں لوگ ایک ایسے حملے کا شکار ہیں جس کی شدت اور بربریت  میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی ہمدردی کارکن 4 ماہ سے زائد عرصے سے ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کے لئے تقریباً ناممکن فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارے پاس حفاظتی ضمانت، امدادی سامان کی فراہمی اور آپریشن جاری رکھنے کے لئے باصلاحیت عملے کی کمی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امورکے رابطہ دفتر(او سی ایچ اے) نے غزہ میں وزارت صحت (ایم او ایچ) کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے اسرائیلی حملوں میں مزید 133 فلسطینی جاں بحق اور 162 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق رفح اور خان یونس سے ہے۔