بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے پولینڈ کے ساتھ ملکر دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے اور شورش زدہ دنیا میں مزید استحکام اور بھروسہ پیدا کرنے کے لیے کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
چینی صدر شی نے یہ بات بیجنگ میں پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا کے ساتھ بات چیت میں کہی جو ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔
انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ پولینڈ عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ 75 برس قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پولینڈ نے 8 برس قبل اپنے تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون جامع انداز میں وسیع اور گہرے ہوئے جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو ہوا۔
چینی صدر شی نے کہا کہ چین پرامن بقائے باہمی کے 5 اصولوں کی پاسداری، سفارتی تعلقات قائم کرنے کے اصل مقاصد برقرار رکھنے، روایتی دوستی جاری رکھنے، دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے اور شورش زدہ دنیا میں مزید استحکام اور اعتماد پیدا کرنے کے لیے پولینڈ کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔