رم اللہ(شِنہوا)بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کے دوران ایک فلسطینی شہری جاں بحق ہو گیا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کی صبح اسرائیلیوں کی جانب سے پناہ گزین کیمپ پر حملے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے سینے میں گولی لگنے کے باعث 41 سالہ عونی اسلان جاں بحق ہو گیا ہے۔
اس واقعے پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، تاہم اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیل کو مطلوب فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کیلئے اسرائیلی فوج کے ایک دستے نے پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی فوجیوں نے اسرائیل کے خلاف حملوں میں ملوث متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ اسلان کو اس وقت مارا گیا جب وہ پناہ گزین کیمپ میں فوجیوں کی جانب سے اپنے گھر پر دھاوے کے بعد اسرائیلی فوجیوں کو اپنے بیٹے رمزی اسلان کو گرفتار کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ سے نکلنے سے قبل 15 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔