لیما(شِنہوا) پیرو کی صدر دینا بولئورتے نے کہا ہے کہ لیما کے شمال میں چھوٹے قصبے چنکے میں تعمیر کی جانیوالی بڑی بندرگاہ جنوبی امریکا اور ایشیا کے درمیان رابطے کو آسان بنانے کیلئے اعصابی مرکز کے طور پر کا م کرے گی۔
انہوں نے آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کانگریس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اس بندر گاہ کا افتتاح نومبر میں متوقع ہے،یہ ان تمام ممالک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کے مواقعے کھولے گی جو پیرو کو بڑی ایشیائی مارکیٹ تک رسائی کیلئے رابطے کےمرکز کے طور پر دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بندرگاہ جنوبی بحرالکاہل کا مرکز بن جائے گی اور پیرو کے شمال، مشرق اور وسطی پہاڑوں سے کارگو بھیجنے اور چلی، ایکواڈور، کولمبیا، برازیل اور پیراگوئے جیسے ممالک سے کارگو کو دوبارہ تقسیم کرنے کا کام کرے گی۔
بولوارٹے نے کہا کہ چینی کمپنی کوسکو شپنگ پورٹس لمیٹڈ کی جانب سے تعمیر کی جانے والی یہ بندرگاہ آپریشنل ہونے کے بعد برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان چنکے اور پیرو کے صوبے کالاو کے درمیان بننے والے لاجسٹک مرکز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہ کا افتتاح اس سال پیرو میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن اکنامک لیڈرز کے اجلاس کے موقع پر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہ سے کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور پیرو کے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔