سڈنی(شِنہوا)پاپوا نیو گنی کے وزیر پٹرولیم جمی ملاڈینا کوآسٹریلیا کے شہر سڈنی سے گرفتار کرکے ان پرمبینہ گھریلو تشدد کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
آسٹریلن براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی ) ویب سائیٹ پر اتور کوجاری رپورٹ کے مطابق وزیر کو مشرقی سڈنی کے مضافاتی علاقے بونڈی سے گرفتار کرنے کے بعد ان پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس مقامی وقت کے مطابق گزشتہ روز صبح 10 بجےگھریلو تنازعے کی اطلاع ملنے پر بونڈی کےعلاقے میں ایک پتے پرپہنچی ۔پولیس آفیسرز نے ایک 31 سالہ خاتون سے بات کی جس کے چہرے پر چوٹیں تھیں جو مبینہ طور پر اس کے جاننے والے 58 سالہ شخص کیساتھ جھگڑے کے نتیجے میں آئیں۔
اس شخص کو گرفتار کر کے پولیس سٹیشن لا یا گیاجہاں اس پر جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
جمی ملاڈینا نے اے بی سی کو بتایا کہ وہ حکام سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔
وزیر کو مشروط ضمانت دے دی گئی ہے اوروہ جمعرات کو عدالت کے سامنے پیش ہوںگے۔